اعتراض: تمام انبیاء یا تمام کتابیں ڈھائی سے تین ہزار سال کے دورانیئے میں ہی کیوں نازل ہوئیں جبکہ انسان کا وجود ڈھائی لاکھ سال پرانا ہے ؟
جواب :
اللہ تعالیٰ نے انسان کی ہدایت کے لیئے ہر دور میں انبیاء بھیجے ہیں ۔ اس دنیا میں آنے والا پہلے انسان حضرت آدم علیہ السلام تمام انبیاء کے باپ تھے ۔آپ کے اس سوال کا نکتہ اعتراض اس علم پر مبنی ہے کہ انسان اس دنیا میں دو لاکھ سال یا اس سے پہلے سے موجود ہے ۔یعنی تقریباً ایک لاکھ ستانوے ہزار سال تک کوئی نبی نہ آیا ۔ پھر اچانک نبی آنے شروع ہو گئے ؟ کتابیں نازل ہونی شروع ہو گئیں ؟سوال یہ ہے کہ جس علم کی بدولت آپ یہ سمجھتے ہیں کہ انسان اس دنیا میں دو لاکھ سال سے موجود ہے اس کی منطقی اہمیت کیا ہے اور شواہد کتنے مضبوط ہیں ۔پہلے منطقی اہمیت پر بات کر لیتے ہیں پھر شواہد کو پرکھ لیں گے ۔
سب سے پہلے تو میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ ایک طرف آپ موسیٰ علیہ السلام کے وجود پر محض اس بنیاد پر تشکیک کا شکار ہیں کہ ان کا تاریخ میں ذکر نہیں ۔ دوسری طرف آپ دو لاکھ سال پرانے انسان کے وجود کو مان رہے ہیں جبکہ تاریخ آپ کے پاس پانچ ہزار سال سے زیادہ پرانی موجود ہی نہیں ؟
دو لاکھ سال پہلے انسان موجود تھے یہ بات ہمیں کچھ فاسلز کی دریافت سے پتہ چلی ۔ اس کا دوسرا مطلب یہ ہے کہ انسان محض دو لاکھ سال پرانا نہیں بلکہ اس سے بھی کہیں زیادہ قدیم ہو سکتا ہے ۔ کیوں کہ یہ ضروری نہیں کہ جس انسان کے فاسلز دریافت ہوئے وہی پہلا ہو ۔آپ نے غلطی یہ کی کہ انسان کے دو لاکھ سال قدیم ہونے پر تو فوراً یقین کر لیا مگر جو سوالات آپ نے مذاہب سے پوچھے انہیں سائنس کے سامنے نہ رکھا ۔ ورنہ شائد مذاہب کے سامنے سوال رکھنے کی ضرورت ہی پیش نہ آتی ۔
آپ پوچھتے ہیں کہ انسان تو دو لاکھ سال قدیم ہے تو پھر انبیاء محض تین ساڑھے تین یا پانچ ہزار سال قدیم کیوں ؟اسی قسم کے چند سوالات سائنس سے پوچھ لیتے ۔مثلاً:
اگر انسان دو لاکھ سال قدیم ہے تو جو تاریخ ہمارے پاس موجود ہے وہ محض پانچ ہزار سال پرانی کیوں ہے ؟ اس سے پہلے کی تاریخ کہاں ہے ؟
سائنس آپ کو بتائےگی کہ انسان نے لکھنے پڑھنے کا فن محض پانچ ہزار سال پہلے سیکھا ۔حالانکہ یہ جواب انتہائی احمقانہ ہےکہ جو انسان دو لاکھ سال سے دنیا میں موجود ہے وہ ایک لاکھ پچانوے ہزار سال تک لکھنا پڑھنا ہی نہ سیکھ سکا ۔ پھر پانچ ہزار سال پہلے اس نے لکھنا پڑھنا سیکھ لیا ۔ احمقانہ ہونے کے باوجود ہم اس جواب کو تسلیم کر لیتے ہیں ۔ لیکن اگر یہی جواب میں آپ کو دے دوں کہ پانچ ہزار سال سے پہلے انسان پر وحی نازل اس لیئے نہیں کی گئی کیوں کہ وہ پڑھنا لکھنا ہی نہیں جانتا تھا تو آپ کیا کریں گے ؟ انبیاء آتے ہوں گے ۔ زبانی تعلیم دے کر چلے جاتے ہوں گے ۔ صحیفے نازل نہیں ہوتے ہوں گے کیوں کہ انسان پڑھنا لکھنا جانتا ہی نہیں تھا ؟انسان جیسی ذہین ترین مخلوق کا ایک لاکھ پچانوے ہزار سال تک “کچھ بھی نہ” کرنا اور پھر اچانک پانچ ہزار سالوں میں “سب کچھ” کر ڈالنا ناقابل یقین ہے ۔ لیکن سائنس کہہ رہی ہے تو آپ یقین کر لیں گے مذہب بتائے تو وہ سوال پوچھیں گے جو آپ کو سائنسدانوں سے پوچھنے چاہیئے تھے ۔
آج ایک نومولود بچے کو تنہا کسی ویران جزیرے پر چھوڑ آئیں ۔ اگر وہ زندہ رہا تو بیس سال بعد دوبارہ اس کے کارنامے دیکھنے جائیں ۔ وہ بہت سی ایسی چیزیں اپنے اطراف کی چیزوں سے تخلیق کر چکا ہو گا جو آپ کو حیران کر دیں گی ۔ مگر آپ اس ذہین ترین مخلوق کے بارے میں اس بات پر یقین کیئے بیٹھے ہیں کہ یہ دو لاکھ سال سے اس دنیا میں موجود ہے مگر “کچھ بھی نہیں” کیا ؟کوئی ایک قابل ذکر ایجاد ہو جس کے بارے میں ہم کہہ سکیں کہ یہ پچاس ہزار سال پہلے ہمارے آباء نے ایجاد کی تھی ؟کوئی بھی نہیں ہے ؟تیر کمان تک دس گیارہ ہزار سال پرانی ایجاد ہے تو کیا یہ سوال پیدا نہ ہوا کہ انسان پونے دو لاکھ سال تک کرتا کیا رہا ؟صرف اسی بات پر اعتراض ہے کہ وحی کیوں نہ نازل ہوئی ۔ اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ پونے دو لاکھ سال تک انسان نے کچھ بھی نہیں کیا ۔ بس سوتا رہا ۔
چلیں کچھ بھی ایجاد نہ کیا ۔ مان لیا ۔ کم از کم بچے تو پیدا کرتا ؟یہ تو گھر کی کھیتی تھی ۔ میرا نہیں خیال کہ سائنس آپ کو یہ جواب دے کہ اس وقت انسان کو بچے بھی پیدا کرنے نہیں آتے تھے ؟اس کا بھی تجربہ کر دیکھیں ۔ایک انسانی جوڑا ایک جزیرے پر چھوڑیں اور سو سال بعد وہاں کی آبادی نوٹ کر لیں ۔ لگ پتہ جائے گا ۔
دنیا کی آبادی اس وقت یعنی سال 2018 میں تقریباً سات ارب انسانوں پر مشتمل ہے ۔مگر یہ تعداد آج سے سوا تین سو سال پہلے محض 32 کروڑ تھی ۔
یہ اس وقت کے شماریاتی ماہرین کا اندازہ ہے ۔ آج کے ماہرین کے مطابق 64 کروڑ تھی ۔
دونوں میں سے جسے بھی صحیح مان لیں ۔چوتھی صدی عیسوی میں سائنس ہمیں انسانوں کی کل تعداد اندازاً 5 کروڑ بتاتی ہے ۔12 ہزار سال پہلے انسانوں کی کل تعداد دس سے پندرہ لاکھ تھی ۔ستر ہزار سال پہلے سائنس کے اندازے کے مطابق انسانوں کی تعداد ایک ہزار سے دس ہزار انسانوں پر مشتمل ہونی چاہیئے ۔اس سے پچھلے سوا لاکھ سالوں میں کیا ہوتا رہا سائنس کو نہیں پتہ ۔
اب دوسری کہانی سنیئے ۔ یہ بھی سائنس ہی ہمیں سناتی ہے ۔انسان کی اس وقت یعنی 2018 میں اوسط عمر 79 سال ہے ۔آج سے دو سو سال پہلے انسان کی اوسط عمر 40 سال تھی ۔دس ہزار سال پہلے تیس سال کے آس پاس تھی ۔یہ میں نہیں کہہ رہا ۔ نہ یہ قران میں لکھا ہے ۔ یہ سائنس ہمیں بتاتی ہے ۔اب اس کا تجزیہ کرتے ہیں ۔
آج کی آبادی میں اور آج سے تین سو سال پہلے کی آبادی میں تقریباً اکیس گنا کا فرق ہے ۔ پھر سترہویں صدی اور چوتھی صدی میں فرق بارہ گنا کا ہے ۔ پھر چوتھی صدی اور دس ہزار سال پہلے کی آبادی میں فرق 33 گنا کا ہے ۔ اب اگر میں آج سے بیس ہزار سال پیچھے جاؤں تو دنیا میں انسانوں کی تعداد 45 ہزار کے قریب بچتی ہے ۔ اور اگر تیس ہزار سال پیچھے جاؤں تو یہ تعداد کم ہو کر 1400 انسانوں پر مشتمل ہو گی ۔ چالیس ہزار سال پہلے یہ تعداد محض 41 انسانوں پر مشتمل ہونی چاہیئے ۔ پچاس ہزار سال پہلے صرف ایک آدمی ۔
جی ہاں ۔صرف ایک آدمی ۔ اب آدمی تھا یا عورت مجھے نہیں پتہ ۔ آدمی ہو گا تو عورت ارتقاء کے مراحل سے گزر رہی ہو گی اور عورت ہو گی تو آدمی کہیں ارتقاء کی لائن میں لگا ہوا ہو گا ۔
اس حساب کو میں نے احتیاطاً سائنس ہی کے فارمولے سے دس ہزار سال فی اکتیس گنا پر تقسیم کیا ہے ۔ حالانکہ ایسا ہونا نہیں چاہیئے ۔ اگر ہم اندازوں کو پس پشت ڈال کر صرف علمی بنیاد پر آج اور آج سے تین سو سال پہلے کی آبادی کی مناسبت سے حساب نکالیں تو انسان کے وجود کی یہ کہانی دس سے پندرہ ہزار سال میں ہی ختم ہو جاتی ہے ۔ اور اگر میں انسان کی اوسط عمر کو بیچ میں مانع کرتا رہوں تو انسان کے وجود کا آج تک برقرار رہنا سوالیہ نشان بن جاتا ہے ۔یہ اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ دو لاکھ سال پہلے وجود میں آنے والے اس انسان کی ایک تو شرح پیدائش کم بلکہ نہ ہونے کے برابر تھی بلکہ اوسط عمر بھی کم تھی ۔ اور یہ دونوں باتیں بقائے اصلاح اور قدرتی انتخاب میں زبردست خامیاں تسلیم کی جاتی ہیں ۔
مگر ہم موجود ہیں ۔اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ دنیا پر راج کر رہے ہیں ۔یہ معاملہ دو ہی شکلوں میں سمجھ آتا ہے ۔
١ ۔ انسان کی تاریخ زیادہ سے زیادہ پندرہ ہزار سال پرانی ہو ۔ اس سے زیادہ پرانی نہ ہو ۔ اور اس کی اوسط عمر ابتدا میں ایک ہزار سے پندرہ سو سال کے درمیان ہو ۔
٢ ۔ اگر انسانی تاریخ دو لاکھ سال پرانی ہے تو ابتدا میں انسان کی اوسط عمر پانچ سے دس ہزار سال کے درمیان ہونی چاہیئے ۔
یعنی ایک ہی انسان دس سے پندرہ ہزار سال تک زندہ رہے اور اس پورے عرصے میں وہ محض ایک سے دو بچے پیدا کرے ۔
کیسے ؟یہ مجھے نہیں پتہ ۔فیملی پلاننگ کرے یا کچھ اور ۔پھر اسی طرح سے یہ سلسلہ آگے چلتا جائے اور آہستہ آہستہ آبادی آگے بڑھے تو بات سمجھ آتی ہے ۔ ورنہ کم اوسط عمر رکھنے والا انسان جو بچے بھی پیدا نہیں کر رہا اس کا تو وجود سو سال آگے نہیں جا سکتا ۔ دو لاکھ سال تو بہت دور کی بات ہے ۔انتہائی ناقابل یقین بات ہے کہ ایک لاکھ نوے ہزار سال تک انسان چند بنیادی باتیں بھی نہ سیکھ سکا اور اگلے دس ہزار سالوں میں اس نے پیچیدہ ترین مشینری بنانی شروع کر دی ؟میری مانیں تو وہ جو دو لاکھ سال پرانے فاسلز ملے ہیں انہیں دوبارہ جانچ کروائیں کہ کس جانور کے ہیں ۔
میں کچھ یاد دلوا کر مدد کر دیتا ہوں ۔1912 میں ایک کھوپڑی اور کچھ دانتوں کے فاسلز دریافت ہوئے تھے ۔ ان کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ بن مانس اور انسان کی درمیانی مخلوق یعنی مسنگ لنکس کے ہیں اور پانچ لاکھ سال پرانے ہیں ۔ اس کا نام پلٹ ڈاؤن مین رکھا گیا ۔ بعد میں دریافت کنندہ کے مرنے کے بعد 1953 میں بھانڈا پھوٹا کہ یہ کسی ماڈرن ایپ کی کھوپڑی اور دانت ہیں جنہیں بلیچ اور کیمیکلز کے ذریعے پانچ لاکھ سال پرانا بتا کر فراڈ کیا گیا ۔باقی کہانی لنک میں پڑھ لیں ۔
1924 میں دانت دریافت ہوئے جو کسی نبراسکا مین کے تھے ۔ اسے انسانوں کے آباء میں سے سمجھا گیا ۔ بعد میں پتہ چلا کہ دانت سوؤر کے ہیں ۔ان کی بھی کہانی پڑھ لیں ۔
اس قسم کی جانے کتنی کہانیاں ہیں جو کئی سالوں تک انسانوں کو گمراہ کیئے رکھتی ہیں ۔ بعد میں خود سائنسدان ہی ان کا پول کھول دیتے ہیں ۔مسلمان گمراہی کے گڑھے میں گر جاتا ہے اور سائنسدان بعد میں توبہ کر لیتے ہیں کہ ہم سے غلطی ہو گئی ۔بہتر یہی ہے کہ سائنس پر اتنا ہی یقین کریں جتنا منطق تسلیم کرے ۔ دو لاکھ سال پہلے کے انسان کو نہ تو منطقی بنیادوں پر تسلیم کیا جا سکتا ہے نہ شواہد پر کلی بھروسہ کیا جا سکتا ہے ۔حقیقت صرف اتنی ہے کہ انسان اس دنیا میں زیادہ سے زیادہ پندرہ ہزار سال قدیم ہو سکتا ہے ۔ اس سے زیادہ نہیں ۔ انبیاء کرام کے آنے کا سلسلہ پہلے انسان سے ہی جاری ہے ۔ شروع میں زبانی ہدایات دی جاتی رہیں ۔ پھر جب انسان لکھنا پڑھنا کسی حد تک سیکھ گیا تو صحیفے آئے اور بعد میں کتابیں آئیں ۔ اس لیئے کتابوں کا سلسلہ اتنا پرانا نہیں ہے ۔
لیکن اگر آپ انسان کی قدیمیت دو لاکھ سال کی مانتے ہیں تو سوال صرف مذہب پر نہیں اٹھتا بلکہ ہر علم پر اٹھتا ہے کہ ایک لاکھ نوے سال تک انسان کی کارکردگی ہر معاملے میں صفر کیوں ہے ۔
امید ہے بات سمجھ آگئی ہو گی ۔
محمد سلیم