اشکال حدیث:تم انصاری عورتیں مجھےسب سےذیادہ محبوب ہو

ایک منکر حدیث اپنے مخصوص انداز میں لکھتے ہیں :” حضرت انس کہتے ہیں ایک انصاری عورت جناب رسول علیہ السلام کی خدمت میں آئی۔ آپ نے اس کے ساتھ خلوت کی ، اس کے بعد اس سے کہا کہ قسم اللہ کی کہ تم (انصاری) عورتیں سب لوگوں میں سے مجھے زیادہ محبوب ہو۔(کتاب النکاح ، بخاری ، حدیث نمبر ٢١٨)اس حدیث پر بھی پڑھنے والے خود سوچیں، میں کوئی تبصرہ نہیں کر رہا۔

تجزیہ :
یہ خیرخواہی کے نام پر کم علم لوگوں سے حدیث کا انکار کروانے کی ایک واضح مثال ہے۔ اس حدیث میں شاید دو باتیں منکرین حدیث کو قابل اعتراض معلوم ہوئی ہیں۔
1. رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک عورت کے ساتھ علیحدگی اختیار کی۔
اس سلسلے میں دو باتیں ملحوظ رہنی ضروری ہیں : پہلی یہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس عورت سے خلوت اور علیحدگی ایسی نہیں تھی جو اسلام کی نظر میں حرام ہے اور جس میں شیطان تیسرا فرد ہوتا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کی نظروں سے اوجھل نہیں ہوئے تھے بلکہ اس عورت کے ساتھ ایک راستے میں کھڑے تھے جہاں لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ رہے تھے۔ دوسری بات یہ کہ وہ ایک مجنونہ عورت تھی۔ اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ مجھے آپ سے ایک کام ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے فرمایا کہ مجھ سے ملاقات کسی راستے میں کر لینا ۔یہ ملاقات ایک کھلے راستے میں ہوئی جہاں سے لوگوں کا گزر عام تھا ، یہی وجہ ہے کہ سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے اس عورت سے کی گئی نبوی بات بیان سن لی اور پھر بیان کی۔یہاں خلوت سے مراد کسی بند مکان میں ملاقات ہوتی تو سیدنا انس رضی اللہ عنہ کو اس ملاقات کے احوال کیسے معلوم ہوتے؟ اگر یہی حدیث صحیح مسلم میں ملاحظہ کر لی جاتی تو سارے اشکالات ختم ہو جاتے۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ ہی کا بیان ہے :
”ایک عورت کی عقل میں کچھ فتور تھا۔ اس نے کہا : اے اللہ کے رسول ! مجھے آپ سے ایک کام ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے ام فلاں ! تم کسی بھی گلی کا انتخاب کر لینا تاکہ میں آپ کی مدد کر سکوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک راستے میں اسے ملے یہاں تک کہ وہ اپنے کام(کی تفصیلات بتانے)سے فارغ ہو گئی۔”(صحیح مسلم :حدیث نمبر ٢٣٢٦،)
نیز یہ بھی مدنظر رہنا چاہیے کہ اس عورت کے ساتھ اس کا ایک بچہ بھی تھا۔(صحیح بخاری : ٣٧٨٦، )
اس حدیث نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر کوئی تبرا نہیں کیا بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طہارت و پاکیزگی کی انتہا بیان کی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مجنونہ عورت سے بھی کسی الگ جگہ ملاقات نہیں کی بلکہ اسے لوگوں کے عام گزر والی گلی میں بلا کر اس کی بات سنی تاکہ کوئی شک و شبہ میں مبتلا نہ ہوجائے۔نیز اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نہایت متواضع اور حلیم طبیعت کے مالک تھے ، آپ چھوٹے بڑے ہر ایک کی داد رسی کرتے تھے حتی کہ مجنونوں کی بھی، جیسا کہ حافظ ابن حجررحمہ اللہ لکھتے ہیں : وفیہ سعۃ حلمہ وتواضعہ صلّی اللّٰہ علیہ وسلّم وصبرہ علی قضاء حوائج الصغیر والکبیر ۔۔۔(فتح الباری لابن حجر : ٩/٣٣٣، طبع دار المعرفۃ، بیروت)
کیا یہ حدیث نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پربہتان اور تبرا ہے ؟

2. رہی بات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کی کہ انصاری عورتیں مجھے سب لوگوں سے بڑھ کر محبوب ہیں۔۔۔ تو اس میں کون سا اعتراض ہے ؟ اس سے بس انصاری عورتوں کی دوسری عورتوں پر فضیلت ثابت ہوتی ہے۔ اور یہ بات صرف انصاری عورتوں کے لیے نہ تھی بلکہ انصاری مرد بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر میں دوسرے عام مَردوں سے افضل تھے۔ انصار سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خاص محبت اور انس تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”میں تمہیں انصار کے بارے میں وصیت کرتا ہوں ، کیونکہ یہ میرے خاص لوگ اور میرے راز دان ہیں۔انہوں نے اپنے فرائض پورے کر لیے ہیں اور اب ان کے حقوق باقی رہ گئے ہیں۔ تم ان کے نیک لوگوں کی بات قبول کرنا اور بُرے لوگوں سے درگزر کرنا۔”(صحیح البخاری : ٣٧٩٩، صحیح مسلم : ٢٥١٠، طبع دار السلام،)
مزید تفصیلات کے لیے کتب حدیث میں انصار کی فضیلت و منقبت کے ابواب ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔ایک موقع پر انصار کی عورتوں اور بچوں کو آتے دیکھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہو گئے اور تین مرتبہ فرمایا: اللّٰہمّ ! أنتم من أحبّ الناس إلیّ ، یعنی الأنصار۔ ترجمہ :”اللہ گواہ ہے کہ تم انصاری لوگ مجھے سب لوگوں سے بڑھ کر محبوب ہو۔”(صحیح البخاری : ٣٧٨٥، صحیح مسلم : ٢٥٠٨، )
معلوم ہوا کہ اس حدیث کی مراد یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر میں انصار کی عورتوںکا مقام و مرتبہ دوسری عورتوں سے بلند تھا۔اس سے کوئی اور مراد لینا کسی شخص کی اپنی ہی ذہنی پستی اور عقلی درماندگی کا ثبوت ہے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*

    Forgot Password